بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ویرات کوہلی ورلڈ کپ میں پاکستان سے ہارنے والے پہلے کپتان بن گئے

بھارتی کپتان ویرات کوہلی  ورلڈ کپ میچز کے 28 برسوں کے دوران پاکستان سے شکست کھانے والے پہلے کپتان بن گئے ہیں۔

گزشتہ روز دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کرکٹ کی دنیا کی دو بڑی حریف ٹیموں کا آمنا سامنا ہوا، بھارت 11 کی کپتانی ویرات کوہلی جبکہ پاکستانی شاہینوں کی کپتانی بابر اعظم نے کی۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان، پاکستان کے موجودہ وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ شام پاک بھارت کے درمیان کھیلے جانا والا تاریخی میچ اپنے وفاقی وزیروں اور مشیروں کے ساتھ دیکھا۔

بابر اعظم نے گزشتہ روز پاکستان کو بھارت کے خلاف 10 وکٹوں سے تاریخی فتح دلا ئی۔

اس تار یخی میچ کے دوران جہاں پاکستانی ٹیم نے کئی ریکارڈز بنائے وہیں  بھارت کا پاکستان سے  28 برسوں سے لگاتار  جیتنے کا ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا۔

بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 152 رنز کا ہدف دیا جو پاکستانی شاہینوں نے بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر پورا کر دکھایا اور یہ بھی پاکستانی سورماؤں کا ایک ریکارڈ تھا۔

وزیراعظم عمران خان نے بھارت کے خلاف میچ جیتنے پر ٹیم کو مبارک باد دی اور کپتان بابر اعظم کی خاص طور پر تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے فرنٹ سے لیڈ کیا۔

دوسری جانب اس میچ میں پاکستان کے ہاتھوں بد ترین شکست کھانے کے بعد ویرات کوہلی پاکستان سے ٹی20 ورلڈ کپ میچز میں ہارنے والے پہلے کپتان بن گئے۔

22 کڑور عوام کی آنکھوں کا تارا بنے ہوئے محمد رضوان نے میچ میں 79 اور بابر اعظم نے 68 رنز بنائے اور پاکستان کو باآسانی فتح سے ہمکنار کیا۔

پاکستان کے ہاتھوں بھارت کی عبرتناک شکست پر صحافی نے کپتان ویرات کوہلی سے بھارتی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین روہیت شرما کو اگلے میچ کے لیے ٹیم سے ڈراپ کرنے سے متعلق سوال کرلیا۔

واضح رہے کہ یہ ورلڈ کپ مقابلوں میں پاکستان کی بھارت کے خلاف پہلی فتح ہے اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں بھارت پہلی مرتبہ 10 وکٹوں سے پاکستان سے ہارا ہے جبکہ پاکستان بھی پہلی ہی مرتبہ ٹی ٹوئنٹیز میں کوئی میچ 10 وکٹوں سے جیتا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.