پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے کرکٹر وہاب ریاض کی بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ پر کہا ہے کہ فاسٹ بولر کے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔
چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نے وہاب ریاض کی ریٹائرمنٹ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہاب کی فاسٹ بولنگ کھیل کی طاقت رہی ہے۔ ان کے خطرناک بولنگ اسپیلز نے دیرپا اثرات چھوڑے۔
ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ وہاب ریاض یادگار میچز اور ٹورنامنٹس کا اہم حصہ رہے ہیں، وہاب ریاض کے انٹرنیشنل کرکٹ سے الگ ہونے کے فیصلے کا احترام اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔
چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نے کہا کہ وہاب ریاض کے تجربے اور مہارت کو مس کیا جائے گا، ہمیں امید ہے کہ وہ کھیل میں اپنا حصہ ڈالتے رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ امید ہے وہاب ریاض نئے سفر میں بھی پاکستان کرکٹ کا حصہ رہیں گے۔ ہم وہاب ریاض کی کھیل میں مسلسل شمولیت کے منتظر ہیں۔
Comments are closed.