سابق فاسٹ بولر وہاب ریاض کو قومی مینز سلیکشن کمیٹی کا چیف سلیکٹر مقرر کردیا گیا۔
ان کا پہلا اسائنمنٹ 14 دسمبر سے 7 جنوری تک آسٹریلیا میں ہونے والی 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز اور نیوزی لینڈ میں 12 سے 21 جنوری تک ہونے والی 5 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کا انتخاب ہوگا۔
وہاب ریاض نے 2008 میں اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا اور 27 ٹیسٹ، 91 ون ڈے اور 36 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں مجموعی طور پر237 وکٹیں حاصل کیں اور 1200 رنز بنائے۔
وہاب ریاض 3 عالمی کپ کھیل کر ان مقابلوں میں 35 وکٹوں کے ساتھ پاکستان کے دوسرے سب سے کامیاب بولر رہے۔
وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ قومی سلیکشن کمیٹی کا سربراہ بننا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے، وہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکاء اشرف کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ذکاء اشرف نے اس ذمہ داری کےلیے ان پر اعتماد کیا، کرکٹ کے معاملات میں سابق کرکٹرز کو شامل کرنے کا فیصلہ قابل تعریف ہے اور وہ پاکستان کرکٹ کی بہتری کےلیے کام کرنے کے خواہاں ہیں۔
سابق فاسٹ بولر نے یہ بھی کہا کہ یہ ایک چیلنج ہے، آسٹریلیا کا دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جہاں پاکستان کو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ اسی طرح نیوزی لینڈ کے دورے سے ہمیں آئندہ سال جون میں امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کےلیے ایک متوازن ٹیم تشکیل دینے میں مدد ملے گی۔
وہاب ریاض نے کہا کہ ہمارے پاس محمد حفیظ کی شکل میں اچھا ٹیم ڈائریکٹر موجود ہے اور ہم مل کر پاکستان کرکٹ کی کامیابی کے لیے کام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی سب سے بنیادی توجہ ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو اہمیت دیتے ہوئے آل راؤنڈ اسکواڈز کا اعلان کیا جائے، وہ کھلاڑیوں کی رائے جاننے کے لیے ہمیشہ دستیاب ہیں۔
Comments are closed.