بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ول اسمیڈ کے 99 رنز رائیگاں، زلمی 24 رنز سے کامیاب

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 22ویں میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 24 رنز سے شکست دے دی۔ 

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ 

پشاور نے کوئٹہ کو جیت کے لیے 186 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں گلیڈی ایٹریز صرف 161 رنز ہی بناسکے جہاں ول اسمیڈ نے 99 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ 

اہم میچ میں جیسن روئے، جیمز وینس، سرفراز احمد، افتخار احمد اور عمر اکمل جیسے بڑے نام متاثر نہ کرسکے۔

سرفراز نے 25، روئے نے 13، افتخار نے 10 اور عمر اکمل نے ایک رن بنایا، جبکہ جیمز وینس پھر صفر پر آؤٹ ہوگئے۔ 

پشاور زلمی کی جانب سے عثمان قادر نے 3 اور سلمان ارشاد نے دو وکٹیں لیں جبکہ ایک ایک کھلاڑی کو لیام لونگسٹن، وہاب ریاض اور حسین طلعت نے آؤٹ کیا۔ 

اس سے قبل ابتدا میں ہی 2 وکٹیں گنوانے کے بعد تجربہ کار شعیب ملک اور نوجوان محمد حارث نے اپنی ٹیم کو سنبھالا اور 52 رنز کی شراکت بنا کر زلمی کو مشکلات سے نکالا۔ 

حارث 28 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے لیکن شعیب ملک نے ذمہ دارانہ بیٹنگ جاری رکھی اور حسین طلعت کے ساتھ 73 رنز کی شراکت بنائی اور 131 کے مجموعے پر 58 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ 

اس کے بعد حسین طلعت کا ساتھ نبھایا بین کٹنگ نے جنہوں نے 14 گیندوں پر 36 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ انہوں نے سہیل تنویر کو ایک ہی اوور میں 4 چھکے بھی لگائے تھے۔ 

بین کٹنگ اور 51 رنز بنانے والے حسین طلعت آخری اوور میں آؤٹ ہوئے جبکہ اننگز کے اختتام پر پشاور کی ٹیم 185 رنز بناسکی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ایک مرتبہ پھر نسیم شاہ کامیاب بولر ٹھہرے جنہوں نے 4 اوور کے کوٹہ میں 27 رنز دے کر 4 وکٹیں لیں۔ 

ان کے علاوہ خرم شہزاد، غلام مدثر اور افتخار احمد نے ایک ایک وکٹ لی۔ 

پشاور زلمی کے حسین طلعت کو آل راؤنڈ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ 

ایونٹ کے گزشتہ میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ 

سرفراز احمد کی کپتانی میں میدان میں اترنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں جیسن روئے، ول اسمیڈ، جیمز وینس، افتخار احمد، عمر اکمل، نور احمد، سہیل تنویر، نسیم شاہ، غلام مدثر اور خرم شہزاد شامل تھے۔ 

وہاب ریاض کی قیادت میں پشاور زلمی کی ٹیم حضرت اللہ زازئی، بین کٹنگ، محمد حارث، لیام لونگسٹن، شعیب ملک، حسین طلعت، شرفین ردرفرڈ، سلمان ارشاد، عثمان قادر اور محمد عمر پر مشتمل تھی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.