وفاقی کابینہ آج بارہ بجے منی بجٹ کی منظوری دے گی، جس کے بعد یہ بل براہ راست قومی اسمبلی میں پیش کردیا جائے گا۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ منی بجٹ پر نہ اتحادیوں کو اعتراضات ہیں اور نہ ہی حکومتی ارکان کو۔
پروگرام میں ایک سوال پر فواد چودھری نے کہا کہ نواز شریف کی واپسی کے حوالے سے پہلی ذمے داری لاہور ہائی کورٹ کی ہے کہ وہ از خود نوٹس لے، اگر نواز شریف واپس نہیں آئے تو جعلی حلف نامہ دینے کے جرم میں شہباز شریف کو جیل جانا ہوگا۔
واضح رہے کہ منگل کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں فنانس ترمیمی بل پیش نہ ہوسکا تھا جس کے لئے وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس آج دوبارہ ہوگا۔
دوسری جانب پارلیمنٹ میں متحدہ اپوزیشن نے حکومتی منی بجٹ اور اسٹیٹ بینک کی خود مختاری کے اقدامات کو مسترد کرتے ہوئے ایوان میں ان بلز کی شدید مخالفت اور بلز منظوری کا راستہ روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔
متحدہ اپوزیشن کے مشترکہ اجلاس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ بجٹ عوام کے خلاف معاشی دہشت گردی ہے جسے روکنا ہوگا، بجٹ سے عوام پر مہنگائی کا نیا عذاب مسلط ہوجائے گا۔
متحدہ اپوزیشن کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ منی بجٹ عمران نیازی حکومت کا بڑا یوٹرن اور ملکی تباہی کا نسخہ ہے، عمران نیازی نے معاشی خود مختاری کا سودا کردیا ہے۔
Comments are closed.