ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے وفاقی وزیرِ سرمایہ کاری چوہدری سالک حسین کی عالمی سرمایہ کار کمپنیوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔
اسی سلسلے میں وفاقی وزیرِ سرمایہ کاری چوہدری سالک حسین نے معروف عالمی شہرت یافتہ کمپنی سن واک آپٹیکل فائبر نیٹ ورک (پرائیویٹ) لمیٹڈ کی ٹیم سے ملاقات کی۔
سن واک فائبر آپٹکس کے شعبے میں 20 سال سے زیادہ عرصے سے کام کر رہی ہے، یہ کمپنی پاکستان کی مارکیٹ کا جائزہ لینے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے تاکہ اگلے 8 سے 10 برسوں میں ملک بھر میں تقریباً 100,000 کلومیٹرز پر مشتمل آپٹیکل فائبر نیٹ ورک بچھایا جا سکے جس کا پہلا مرحلہ پاکستان ریلویز کے ملک بھر میں ریل ٹریک پر رائٹ آف وے ملنے کے فوراً بعد شروع ہو گا۔
اس منصوبے کے مکمل ہونے کے بعد، اس سے کمیونیکیشن انڈسٹری چین اور متعلقہ صنعتوں میں تقریباً 5 بلین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کی توقع ہے اور بالواسطہ طور پر 100,000 سے زیادہ ملازمتوں میں اضافہ بھی ہوگا۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کا کہنا ہے کہ میں نے کمپنی کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے اور اپنی ٹیم کو ترجیحی بنیادوں پر سرمایہ کاری کو عملی جامہ پہنانے کی ہدایت کی ہے۔
اس سے قبل وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے سینٹکو اور چینی ایس او ای کنسورشیم کے کنٹری نمائندے اور مالیاتی مشیر عامر چغتائی سے ملاقات کی۔
سینٹکو 8 چینی سرکاری اداروں اور پاکستانی شراکت داروں کا ایک کنسورشیم ہے جو گوادر پورٹ سے 85 کلومیٹر مشرق میں پسنی کے ساحل پر 22,600 ایکڑ رقبے پر گوادر انڈسٹریل سٹی قائم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
پیٹرو کیمیکل انڈسٹریل پارک کے فیز 1 میں 7 بلین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کے ساتھ 10 صنعتی یونٹ لگائے جائیں گے جنہیں ’خود تعمیر کرو‘ کی بنیاد پر عمل میں لایا جائے گا۔
اس منصوبے سے ہر سال 15 بلین امریکی ڈالرز سے زیادہ کا مجموعی کاروبار ہونے کی توقع ہے اور 3,000 ملازمتیں فراہم ہوں گی۔
یہ ایک جدید گوادر صنعتی شہر کی ترقی کی بنیاد ہو گی جس میں پیٹرو کیمیکل، اسٹیل اور آلات تیار کرنے والے پلانٹس پیش کیے جائیں گے۔
کنسورشیم نے بی او آئی سے سی پیک کے فریم ورک کے تحت پراجیکٹ کی شمولیت کے لیے متعلقہ حلقوں خصوصاً وزارتِ توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) سے درخواست کی ہے۔
اس کے علاوہ انڈسٹریل پارک کو ایک آزاد ایس ای زیڈ کے طور پر سہولت فراہم کرنے، اس کی مدد کرنے اور اس پروجیکٹ کی تمام ذیلی پروجیکٹ کی کمپنیوں کے لیے متعلقہ لائسنسوں میں سہولت فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔
وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ نے کنسورشیم کو اپنی مکمل مدد فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔
اس سے قبل وفاقی وزیر نے چائنا روڈ اینڈ برج کارپوریشن (CRBC) کے جنرل مینیجر مسٹر لیو منگ نے سے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں اسد رحمٰن گیلانی، سیکریٹری بورڈ آف انویسٹمنٹ اور خاشع الرحمٰن نے بھی شرکت کی۔
اس اجلاس میں CRBC نے پاکستان میں بنیادی ڈھانچے اور سرمایہ کاری کے منصوبوں کے بارے میں ایک تفصیلی پریزنٹیشن دی، خاص طور پر رشکئی اسپیشل اکنامک زون، سی پیک فریم ورک کی صلاحیت اور SEZs کے تعاون کے تحت زمینی سرمایہ کاری اور ترقی کا پہلا منصوبہ اور CPEC فریم ورک کے تحت کراچی کوسٹل کمپری ہینسیو ڈیولپمنٹ زون کو فروغ دینا شامل تھا۔
اس اجلاس میں CRBC نے سرمایہ کاری کے تازہ ترین منصوبوں کی پیشرفت بھی پیش کی جو CRBC کی طرف سے شروع کی گئی اور پاکستان میں شراکت کے مزید مواقع تلاش کرنے کا اعادہ بھی کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے CRBC کی سرمایہ کاری کی کوششوں کو سراہا اور BOI کی ٹیم کی جانب سے مکمل سہولت کو یقینی بنایا، ملک میں سرمایہ کاری میں اضافے کے حوالے سے اپنی کوششوں کے حوالے سے وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری چوہدری سالک حسین نے وزیرِ اعظم شہباز شریف سے تفصیلی ملاقات کی جس میں وفاقی وزیر نے وزیرِ اعظم کو ملک میں سرمایہ کاری بڑھانے اور بیرونی و اندرونی سرمایہ کاروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔
اس موقع پر وزیرِ اعظم نے چوہدری سالک کی جانب سے ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔
Comments are closed.