وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ مفتی عبدالشکور میریٹ سے سیکریٹریٹ چوک کی طرف جا رہے تھے، شاہراہ دستور پر ایک گاڑی نے مولانا عبدالشکور کی گاڑی کو ٹکر ماری۔
مولانا عبدالشکور کو پولی کلینک اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر کی گاڑی کو ٹکر مارنے والی گاڑی میں سوار افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔
حادثے کی خبر سن کر وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور دیگر وفاقی وزراء پولی کلینک اسپتال پہنچ گئے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وفاقی وزیر مفتی عبد الشکور کے ٹریفک حادثے میں انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔
عارف علوی نے مفتی عبدالشکور کی بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کے حادثے میں جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کیا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مفتی عبدالشکور ایک با عمل عالم، ایک نظریاتی سیاسی کارکن اور نیک انسان تھے۔
وزیراعظم نے مفتی عبدالشکور کے اہل خانہ اور تمام وابستگان سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کی۔
انہوں نے کہا کہ مفتی عبدالشکور جمعیت علماءاسلام (ف) کے متحرک اور نظریاتی رہنماؤں میں شمار ہوتے تھے، انہوں نے وزیر مذہبی امور کے طور پر بڑی محنت، اخلاص اور ایمانداری سے فرائض انجام دیے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ مفتی عبدالشکور کی دینی، ملی، قومی و سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، اللّٰہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، لواحقین کو صبر جمیل دے۔
Comments are closed.