آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے عہدے کی مقررہ مدت پوری ہونے پر کہا کہ پہلے بھی وعدہ کر چکا ہوں کہ مدت مکمل ہونے پر عہدہ چھوڑ دوں گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دورہ امریکا کے دوران سیکرٹری دفاع جنرل (ر) لائیڈ جیمز آسٹن (III)، مشیر قومی سلامتی جیکب جیرمیا سلیوان اور ڈپٹی سیکرٹری آف اسٹیٹ وینڈی روتھ شرمن سے ملاقاتیں کی ہیں، جن میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورت حال سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون پرگفتگو کی گئی۔
واشنگٹن میں غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے عہدے کی مقررہ مدت پوری ہونے پر ریٹائرمنٹ کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دو ماہ بعد دوسری مدت پوری ہونے پر ریٹائرڈ ہو جاؤں گا۔انہوں نے کہا کہ اس بات کا اظہار پہلے بھی کیا جا چکا ہے۔
تقریب میں شریک افراد کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے ظہرانے سے پہلے اجتماع سے خطاب کیا جس کے بعد مہمانوں سے گفتگو کرتے ہوئے غیر رسمی بات چیت بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی لاغر معیشت کو بحال کرنا معاشرے کے تمام طبقات کی اولین ترجیح ہونی چاہیے، مضبوط معیشت کے بغیر قوم اپنے اہداف حاصل نہیں کر سکے گی۔
Comments are closed.