
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ وسائل کی منصفانہ تقسیم اپنی نوعیت کا بڑا چیلنج ہے۔
ہارورڈ بزنس اسکول کے طلبہ و طالبات کے وفد سے ملاقات میں عمران خان نے سیاست، معاشرت، دستور اور قانون کی بالادستی سمیت دیگر امور پر گفتگو کی۔
پی ٹی آئی اعلامیے کے مطابق طلبہ و طالبات سے گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ میری زندگی نشیب و فراز اور شکست و ریخت سے بھر پور رہی ہے، زمانۂ تعلیم اور کھیل سے چیلنجز کا سامنا کرتا آیا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ کرپٹ اشرافیہ نے نظام اور سماج کو بری طرح جکڑ رکھا تھا، جس کے خلاف سیاسی جدوجہد کی بنیاد سیاسی جماعت بنا کر رکھی۔
عمران خان نے مزید کہا کہ کھیل کے میدانوں نے مقابلے کی صلاحیت میں غیر معمولی نکھار پیدا کیا، روز اول سے سیاست نہیں ایک مقصد کے لیے میدان میں ہوں۔
اُن کا کہنا تھا کہ والدہ کو سرطان سے لڑتے دیکھ کر عزم کیا قوم کی ماؤں کو اس مرض سے بچانے کی تدبیر کروں گا، سوچ و فکر میں تبدیلی نے سماجی خدمات کی راہ دکھائی۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ کرپٹ اشرافیہ نے نظام و سماج کو بری طرح جکڑ رکھا تھا، اسپتال مکمل ہوا تو یہ حقیقت دریافت کرچکا تھا سیاسی اختیار کے بغیر سماج میں تبدیلی ناممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسی کرپٹ اشرافیہ کے خلاف سیاسی جدوجہد کی بنیاد تحریک انصاف کی صورت میں ڈالی، وسائل کی منصفانہ تقسیم اپنی نوعیت کا بڑا چیلنج ہے۔
عمران خان نے کہا کہ قانون سے بالاتر کرپٹ طبقہ تیسری دنیا کے وسائل چوری کر کے امیر ملکوں میں منتقل کرتا ہے، امیر ممالک چوری اور منی لانڈرنگ سے آنے والے پیسے پر بندشیں لگانے کو تیار نہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف داخلی برائیوں کے تدارک کے ساتھ بین الاقوامی معاملات میں بھی عدل کی علمبردار ہے، عالمی چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے باہمی وقار کے احترام کا رویہ اپنانا ہوگا۔
Comments are closed.