بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

وزیر دفاع خواجہ آصف نے عمران خان کو ملک کی سلامتی کے لئے خطرہ قرار دے دیا

وفاقی وزیر برائے دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان برملا کہتے رہے کہ مجھے سرپرستی چاہیے، عمران خان ملک میں افرا تفری چاہتے ہیں، عمران خان نے افواج پاکستان کو تنقید کا نشانہ بنایا، عمران خان مسلسل ملک کی معیشت اور دفاع پر حملے کر رہے ہیں۔

خواجہ آصف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ اس ملک کا واحد شخص ہے جسے اقتدار کی ہوس بیٹھنے نہیں دے رہی، کرپشن میں عمران خان کا خاندان بھی شامل ہے، مستقبل میں عمران خان کے خلاف لمبی کارروائیاں ہونے والی ہیں،  عمران خان کے ساتھ وہ نہیں کریں گے جو نواز شریف کے ساتھ ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ذاتی فائدے کے لیے عمران خان یا کسی کے خلاف کارروائی نہیں کریں گے، قانونی ماہرین تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر بتائیں گے کہ کیا کارروائی کی جائے، آئینی طریقے سے عمران خان سے اقتدار لیا، وہ اداروں پر حملہ آور ہیں۔

وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہمارے ہمسائے ملک کی کوشش ہے کہ ہمیں معاشی طور پر تباہ کیا جائے۔

خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ جب سے پاکستان آزاد ہوا، بھارت کے دو ہدف رہے، ایک معیشت اور دوسرا ہمارا دفاع، بھارت شروع سے ہماری معیشت اور دفاع پر حملہ کرتا رہا ہے، چند ماہ میں معیشت اور دفاع پر عمران خان نے حملہ کیا، عمران خان معیشت پر بھی براہ راست حملہ کر رہے ہیں، عمران خان نے اپنے دور حکومت میں معیشت کو تباہ کیا، عمران خان نے اپنی حکمرانی کے دور میں کی گئی بہت سی تقرریوں کو سیاست کا موضوع بنا لیا۔

خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ایسا شخص ملک کی سلامتی کے لیے خطرہ بن چکا ہے، کوئی سوچ سکتا تھا کہ آئی ایم ایف ایگری منٹ روکا جاسکتا ہے ؟

انہوں نے مزید کہا کہ کل عمران خان نے فوج کی قیادت پر حملہ کیا، سیاست دانوں کو اپنی سیاسی جنگیں سیاسی میدان میں نمٹانی چاہیے، تقرریوں کے معاملے کو جلسے جلسوس میں موضوع بنانا ملک کے ساتھ دشمنی ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان نے خود کہا کہ ہیرے تو بہت سستی چیز ہیں، اس کا مطلب انہوں نے انکار نہیں کیا، عمران خان کا بیان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری افواج کی قربانیوں کی توہین ہے، سیلابی صورتحال میں فوج اہم کردار ادا کر رہی ہے، کرپشن کا تحفظ تو عمران خان کو چاہیے،  عمران خان واحد شخص ہے جنہیں اپنے اقتدار کی فکر ہے،  عمران خان اپنی سیاست کے لیے خود تحفظ مانگتے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جرنیلوں سے لے کر سپاہی سب نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

انہوں نے پاک بھارت میچ سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ کل ہم بھارت کے خلاف میچ جیتے اور سری نگر میں پاکستان کے پرچم لہرائے گئے، آتش بازی کی، بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات ہونا چاہیے لیکن رکاوٹیں ہیں، انہیں کیسے عبور کریں۔

انہوں نے کہا کہ جیسے جائیداد بٹتی ہے ویسی ہی پی ٹی آئی بٹے گی، لوگ اختلافات کو پیچھے رکھ کر سیلاب متاثرین کی مدد کر رہے ہیں، اگر سیلابی صورت میں اس وقت میں کوئی مدد نہیں کر رہا تو وہ عمران خان ہے، عمران خان خود کہتے ہیں نیوٹرل، میں بھی کہتا ہوں، جب میں بھی نیوٹرل کہتا ہوں وہ بھی کہتا ہے تو اس ادارے پر اٹیک کا جواز نہیں رہ جاتا۔

وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ جب ادارہ  اس کی قیادت نیوٹرل ہے، حلف کی پاسداری کر رہے ہیں تو ہمیں عزت واحترام کرنا چاہیے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.