وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے پی ٹی آئی رہنما شہباز گل پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حادثے کے بعد وہ گاڑی سے نکل کر پانی پی رہے تھے تو بالکل ٹھیک ٹھاک تھے، لیکن جب عدالت گئے تو ایسا لگ رہا تھا کہ ان کی دس پندرہ ہڈیاں ٹوٹی ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہباز گل کے ساتھ جو حادثہ پیش آیا، اس کا ملزم گرفتار ہے، اس کے کوائف بتاتے ہیں کہ اس کا تعلق (ن) لیگ سے نہیں ہے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے مزید کہا کہ ملزم کا تعلق (ن) لیگ سے نہ ہونے کے باوجود عمران خان نے جلسے میں اس کا الزام بھی ہم پر لگا دیا۔
واضح رہے کہ حافظ آباد میں موٹر وے ایم ٹو پر پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گِل کی گاڑی کو ٹکر مارنے کے الزام میں مقدمہ درج کرکے ایک ملزم کو حراست میں لیا گیا ہے۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا تھا کہ جائے حادثہ کے شواہد اور ملزم وجاہت علی سے تفتیش کے مطابق یہ ایک عام کار حادثہ ہے،جو ڈرائیور وجاہت علی کی غفلت کے باعث پیش آیا ۔
پولیس نے کہا کہ شہباز گِل کو جان بوجھ کر نقصان پہنچانے کی کوئی کوشش نہیں کی گئی، شہباز گِل نے واقعے کو میڈیا میں ایک قاتلانہ حملےکا رنگ دے کر پروپیگنڈہ کیا ہے۔
Comments are closed.