وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹریس اور جرمن ہم منصب اینالینا بیئربوک سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے 9 مارچ کو بھارت کی جانب سے پاکستان کی حدود میں میزائل فائر کرنے سے متعلق آگاہ کیا۔
رپورٹس کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے کہاکہ واقعہ پاکستان کی فضائی حدود کی کھلی خلاف ورزی ہے اور اس بات کا عکاس ہے کہ بھارت کو فضائی سیفٹی اور علاقائی سلامتی کی کوئی پرواہ نہیں۔
وزیرخارجہ نے مطالبہ کیا کہ اس واقعے کی مشترکہ تحقیقات کی جائیں، یہ واقعہ بھارت کے غیر ذمے دار رویے کو ظاہر کرتا ہے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سمیت بین الاقوامی برادری کو چاہیے کہ اس پر توجہ دے۔
بعدازاں شاہ محمود قریشی نے اپنے جرمن ہم منصب سے فون پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی میزائل پاکستان میں گرنے کو غلطی تسلیم کرنا کافی نہیں، بھارت اس معاملے کی مشترکہ تحقیقات کرائے۔
رپورٹس کے مطابق شاہ محمود قریشی نے جرمن ہم منصب اینالینا بیئربوک کو بتایا کہ وہ اپریل میں جرمن وزیرخارجہ کے دورۂ پاکستان کے منتظر ہیں۔
Comments are closed.