ہفتہ 12؍ذوالحجہ 1444ھ یکم؍جولائی 2023ء

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سرکاری دورے پر جاپان پہنچ گئے

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سرکاری دورے پر جاپان پہنچ گئے، بلاول بھٹو جاپانی حکومت کی دعوت پر جاپان پہنچے ہیں۔

جاپان میں پاکستان کے سفیر رضا بشیر تارڑ نے بلاول بھٹو کا استقبال کیا، اس موقع پر جاپانی وزارت خارجہ کے حکام اور پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد بھی وزیر خارجہ کے استقبال کےلیے ایئرپورٹ پر موجود تھی۔

اپنے دورہ جاپان میں بلاول بھٹو جاپانی وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سے ملاقاتیں کریں گے، ان اہم ملاقاتوں میں وزیر خارجہ پاکستان اور جاپان کے درمیان معاشی اور سیاسی صورتحال پر گفتگو کریں گے۔

وزیر خارجہ کے دورہ جاپان کے حوالے سے سیکریٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید پہلے ہی جاپان پہنچ چکے ہیں، بلاول بھٹو کے دورے کو پاکستان اور جاپان کے تعلقات کےلیے انتہائی اہم قرار دیا جارہا ہے۔

اس دورے میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری جاپان کے وزیر خارجہ یوشی ماسا ہایاشی اور جاپان کے وزیر اعظم فومیو کشیدا سے اہم ملاقات کریں گے جبکہ جاپان کے نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر تاکیو اکیبا سے بھی ملاقات وزیر خارجہ کے دورے کا حصہ ہوگی۔

ان اہم ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان پاکستان اور جاپان کے درمیان سیاسی و معاشی تعلقات اور خطے سمیت اہم عالمی امور پر سیر حاصل گفتگو کی جائے گی جبکہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو ایشین ڈیولپمنٹ بینک انسٹیٹیوٹ سے بھی خطاب کریں گے۔

بلاول بھٹو کے استقبال کےلیے پیپلز پارٹی جاپان کے صدر شاہد مجید ایڈووکیٹ، مسلم لیگ ن جاپان کے صدر ملک نور اعوان، تجوید القرآن جاپان کے سربراہ قاری علی حسن، عوامی نیشنل پارٹی کے صدر نعیم خان، ن لیگی رہنما سکندر پسیہ، سینئر پاکستانی نعیم آرائیں، آصف قمر بھی موجود تھے۔

آصفہ بھٹو زرداری بھی بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ وفد کا حصہ ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.