وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اسٹریٹ کرائم اور منشیات فروشوں کیخلاف بھرپور آپریشن کا حکم دے دیا، اور آئی جی پولیس کو فوری کارروائی کی ہدایت کردی۔
اس حوالے سے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں منشیات فروشی، بچوں کا اغوا، اقلیتوں کا استحصال اور لوٹ مار کے واقعات کسی صورت برداشت نہیں کئے جائیں گے، اور پولیس سے جواب طلب کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد شاہ نے آئی جی سندھ پر واضح کیا کہ وہ صوبے میں بدامنی اور جرائم میں اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کرسکتے۔ کراچی سمیت صوبے بھر میں رہزنوں اور منشیات فروشی میں ملوث ڈرگ مافیا کیخلاف بھرپور اور فوری آپریشن شروع کیا جائے۔
وزیراعلیٰ نے یہ بات امن و امان سے متعلق اجلاس کی صدارت کے دوران کہی۔
اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ، آئی جی سندھ اور ڈی آئی جیز سمیت اعلیٰ حکام وڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
آئی جی سندھ نے اجلاس کو بتایا کہ اس سال صوبے بھر میں اقلیتوں کیخلاف چار کیسز ہوئے۔ اس کے علاوہ بھتہ خوری کے 6 کیسز اور منشیات فروشی کے 44 کیسز ہوئے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جرائم کو مانیٹر کرنے کے لیے سی ایم ہاؤس میں سیل قائم کیا جارہا ہے۔ پولیس اسٹریٹ کرائمز، بچوں کے اغوا، اقلیتوں کیخلاف ہونے والے مختلف جرائم اور زمینوں پر قبضے کیخلاف فوری اور موثر کارروائی کرے، انھوں نے کہا کہ پولیس جرائم پر جوابدہ ہوگی۔
Comments are closed.