وزیراعظم عمران خان سرکاری دعوت پر 23 تا 24 فروری روس کا دورۂ کریں گے، ان کے ہمراہ کابینہ ارکان سمیت اعلیٰ سطحی وفد بھی جائے گا۔
جیو نیوز کو حاصل وزیراعظم عمران خان کےدورۂ روس کی تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی، حماد اظہر، فواد چوہدری کے علاوہ اسد عمر، عبدالرزاق داؤد، معید یوسف، عامر کیانی بھی ہوں گے۔
وزیراعظم 23 فروری کی شام ماسکو پہنچیں گے، روس کےنائب وزیر خارجہ وزیراعظم عمران خان کا استقبال کریں گے، ماسکو آمد پر گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔
وزیراعظم 24 فروری کی صبح دوسری جنگ عظیم میں ہلاک فوجیوں کی یادگار پر پھول رکھیں گے جس کے بعد دن 1 بجے روس کے صدر پیوٹن سے ملاقات کریں گے۔
وزیراعظم اور روسی صدر کی ملاقات میں پاک روس تعلقات پر تبادلہ خیال ہوگا، وزیر اعظم دورۂ روس کے دوران ماسکو میں ٹی وی چینل کو انٹرویو دیں گے۔
عمران خان سے روس کے نائب وزیر اعظم کی ملاقات بھی ہو گی ، پاکستان اور روس کے درمیان توانائی امور پر تعاون کیلئےبات چیت ہوگی۔
وزیراعظم دورۂ روس میں پاکستانی میڈیا سے بھی گفتگو کریں گے، وہ روس اور پاکستان کی ممتاز کاروباری شخصیات سے بھی ملیں گے جبکہ ماسکو میں اسلامی سینٹر کا بھی دورہ کریں گے۔
عمران خان سے روس کے مفتی اعظم کی ملاقات بھی شیڈول میں شامل ہے ، وزیراعظم 24 فروری کی رات پاکستان کے لئے واپس روانہ ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دورۂ روس کےدوران پاکستان انتہائی اہم معاملات میں بات چیت آگے بڑھائےگا، پاکستان روس کے ساتھ کثیر جہتی شراکت داری قائم کرنا چاہتا ہے۔
وزیراعظم اسٹریم گیس پائپ لائن منصوبے کیلئے پاکستان کے عزم کااعادہ کریں گے، پاکستان کے لیے یہ منصوبہ انتہائی اہم ہے اور اس کی جلد تکمیل کے لیے پرعزم ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم کا دورۂ روس پڑوسی ملک افغانستان میں پائیدار امن علاقائی خوشحالی اور رابطے کے لیے بھی اہم ہے۔
Comments are closed.