
ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے وزیر اعظم عمران خان کو بیرونی طاقتوں کی جانب سے ملنے والے خط سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں نے وہ خط نہیں پڑھا، وزیراعظم نے پڑھا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ نے بیرونی طاقتوں والی دھمکی والا خط پڑھا؟ جس کا جواب دیتے ہوئے قاسم سوری نے کہا کہ میں نے وہ خط نہیں پڑھا، وزیر اعظم نے پڑھا ہے۔
ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد پر جمعرات کو بحث ہوگی، سب سے زیادہ ہمارے دور میں اپوزیشن کو بحث کا موقع دیا گیا ہے، بجٹ اجلاس میں سو، سو گھنٹے بحث کی اجازت دی گئی۔
قاسم سوری نے کہا کہ اسپیکر کا اختیار ہوتا ہے کہ چوتھے سے ساتویں دن تک کسی بھی دن ووٹنگ کروائے۔
اپوزیشن بینچوں پر زیادہ اکثریت ہے یا حکومتی بینچوں پر؟ سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ وقت بتائے گا، کل ہمارا تاریخی جلسہ ہوا کل عوام نے ثابت کیا کہ وہ عمران خان کے ساتھ ہیں۔
قاسم سوری نے کہا کہ عوام نے کل ثابت کردیا کہ وہ عمران خان کو وزیراعظم دیکھنا چاہتے ہیں، وزیراعظم کا سپاہی ہوں اور ان کے ساتھ کھڑا ہوں۔
ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اپوزیشن دو دفعہ مجھ پر تحریک عدم اعتماد لاچکی اور خود ہی بھاگ چکی ہے، میں وزیراعظم کا سپاہی ہوں اور ہمیشہ ساتھ کھڑا رہوں گا۔
قاسم سوری نے کہا کہ کل عوام نے اعتماد کا اظہار کیا یہ سب کی آنکھیں کھولنے کے لیے اہم ہے، عمران خان نے کل دکھا دیا کہ وہ لیڈر ہیں قوم کو ہر بحران سے نکال سکتے ہیں، لٹیروں نے ملک کو لوٹا ہے اور اپنی موروثی سیاست کو بچانے کیلئے نکلے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ عوام اور اپوزیشن کے ساتھ بیرونی طاقتیں ہے، جتنی بیرونی سازشیں ہوں،عوام لیڈر کے ساتھ ہو تو کچھ نہیں ہوسکتا۔
Comments are closed.