وزیر اعظم عمران خان کل دو روزہ سرکاری دورے پر چین جائیں گے، وہ چین میں سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے ، دورے میں پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدوں پر دستخط بھی کیے جائیں گے ۔
سفارتی ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان 3تا 5 فروری چین کا سرکاری دورہ کریں گے، وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت دیگر وزرا اور مشیر بھی بیجنگ جائیں گے۔
دورۂ چین کے دوران وزیر اعظم عمران خان چین کے صدر شی جن پنگ، وزیر اعظم لی اور دیگر اہم حکومتی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے، دونوں ملکوں کے قائدین کی سی پیک منصوبے، سرمایہ کاری، تجارت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، صحت اور برآمدات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے حوالےسے بات چیت کی جائے گی۔
وزیر اعظم کی چینی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں پاک چین تعلقات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے دورۂ چین کا اہم مقصد چین میں ہونے والے سرمائی اولمپکس کی افتتاعی تقریب میں شرکت کرنا اور چین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہے، کیوںکہ بعض ممالک نے ان اولمپکس کا بائیکاٹ کیا ہے۔
Comments are closed.