وزیر اعظم شہباز شریف نے گوادر میں جاری منصوبوں پر جلد کام مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کئے گئے سلسلہ وار ٹوئٹس میں شہباز شریف نے کہا کہ گوادر یونیورسٹی، ایئر پورٹ اور پینے کے پانی کیلئے ڈی سیلینیشن پلانٹ لگانے پر کام جلد مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی کا تعلق بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی سے ہے، اتحادی حکومت کا مقصد بلوچستان حکومت اور مقامی عمائدین سے مل کر آگے بڑھنے میں مدد کرنا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’گوادر میں دیکھا پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت نے گوادر کے لوگوں کو کیسے بری طرح ناکام کیا، اربوں روپے، قیمتی وقت ضائع کرنے کے باوجود گوادر کیلئے پانی اور بجلی کا کوئی منصوبہ مکمل نہیں کیا‘۔
شہباز شریف نے کہا کہ گوادر بندرگاہ پر کوئی ڈریجنگ نہیں کی گئی، جس وجہ سے وہاں کوئی بڑا کارگو جہاز لنگر انداز نہیں ہوسکتا، گوادر ہوائی اڈے کی تعمیر کا بھی یہی حال ہے۔
Comments are closed.