وزیر اعظم شہباز شریف نے سندھ کے سیلاب متاثرین کیلئے 15 ارب روپے کی گرانٹ کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرہ سندھ کے لیے گرانٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پہلے ملک میں کبھی ایسی تباہی نہیں دیکھی ،24 ہزار روپے فوری طور پر ہر متاثرہ خاندان کو دیے جائیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندان کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے یہ 24 ہزار روپے دیے جائیں گے، وفاقی حکومت صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ 28 ارب روپے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو جاری کردیے گئے ۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب نے سندھ بلوچستان میں بڑی تباہی مچادی ہے ، مخیر حضرات آگے بڑھیں اور سیلاب متاثرین کیلیے امداد میں حصہ لیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کرنے آج سکھر پہنچے، وزیرخارجہ بلاول بھٹو، وفاقی وزیر خورشید شاہ اور وزیراعلیٰ سندھ نے اُن کا استقبال کیا۔
ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو بحالی کے کاموں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بعض علاقوں میں سیلاب کی وجہ سے مواصلاتی رابطے منقطع ہیں، تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں۔
وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیلاب سے لائیو اسٹاک اور فصلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
وزیراعظم کو سندھ میں 43 فلڈ ریلیف کیمپ قائم کرنے کے حوالے سے بھی بریف کیا گیا۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے آج سندھ کے دورے میں سکھر، روہڑی، خیرپور، فیض گنج، کوٹ ڈجی اور ٹھری میر واہ کے سیلاب زدہ علاقوں کا فضائی دورہ شامل ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف سیلاب متاثرین سے ملاقات بھی کریں گے۔
Comments are closed.