اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا افغانستان کی صورتحال پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید سے گفتگو کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پر امن اور مستحکم افغانستان پاکستان سمیت خطے کے مفاد میں ہے، افغانوں کے حقوق اور تحفظ کیلئے سیاسی تصفیہ اہم ہے، جامع سیاسی تصفیہ کے ذریعے ہی افغانستان کے لوگوں کو امن فراہم کیا جاسکتا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عالمی برادری افغانستان کی تعمیر نو میں افغان عوام کے ساتھ تعاون کرے، عالمی برادری کو افغانستان کی معاشی مدد اور تعمیر نو میں کردار ادا کرنا چاہییے، افغانستان کو معاشی طور پر مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے ایکسپو 2020ء کے لیے بہترین انتظامات کرنے پر ولی عہد کو مبارکباد پیش کی، وزیراعظم نے ایکسپو 2020ء کے انعقاد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا اور ان سے افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
Comments are closed.