وزیراعظم عمران خان نے پنجگور، نوشکی میں کیمپس پر حملہ پسپا کرنے والی بہادر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عوام کے تحفظ کیلئے بڑی قربانیاں دینے والی سیکیورٹی فورسز کے پیچھے قوم متحد کھڑی ہے۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے دو مقامات پنجگور اور نوشکی میں دہشت گردوں نے بدھ کی شام سیکیورٹی فورسز کے کیمپوں پر حملے کی کوشش کی۔
سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان پہنچاتے ہوئے دونوں حملوں کو کامیابی سے پسپا کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کے کیمپ میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم فوجیوں کی بروقت جوابی کارروائی نے دہشت گردی کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا ، شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایک فوجی جوان شہید ہو گیا اور دہشت گرد فرار ہو گئے جبکہ ان کی ہلاکتوں کا تعین کیا جا رہا ہے۔
نوشکی میں دہشت گردوں نے ایف سی کیمپ میں گھسنے کی کوشش کی جس کا بھرپور جواب دیا گیا، 4 دہشت گرد مارے گئے ، شوٹ آؤٹ کے دوران ایک افسر زخمی ہوا ۔
Comments are closed.