وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی سیکیورٹی بڑھادی گئی ہے، وزیر اعظم کی جان کو خطرہ ہے، وزیر اعظم کی حفاظت کے لیے ضروری اقدامات کیے گئے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ شہباز شریف گھر بیٹھے ہی وزیر اعظم بن گئے ہیں، شہباز شریف کے خواب کرچی کرچی ہونے جارہے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ مجھے کل سے وزارت قانون کا چارج مل رہا ہے، شہباز اور حمزہ کی ضمانت منسوخ کرکے لیے کل سے کارروائی کا آغاز کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ باپ وزیراعظم اور بیٹا وزیر اعلیٰ کے امیدوار بن گئے ہیں، دونوں باپ بیٹا ضمانت پر ہیں، دونوں کی ضمانت کی منسوخی کی کل درخواست کریں گے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن کے سرکردہ لوگ اس سازش کا حصہ ہیں، خواجہ آصف اتنے ضمیر والے ہیں کہ وزیر دفاع اور اقامے پر تھے، عوام کسی کو بیرون ملک بیٹھ کر حکومت تبدیل کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ کیسے ممکن ہے تحریک کو باہر بیٹھ کر ڈرافٹ کیا جائے، شہبازشریف نے کہا خط دکھا دیا جائے تو میں ساتھ کھڑا ہوجاؤں گا، شہباز شریف کو بلایا گیا تو یہ نہیں آئے، ان کو تو پتا ہے کیونکہ یہ تو خود سازش کا حصہ ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ زرداری دور میں وزیرخارجہ حنا ربانی کھر کو پتا ہی نہیں تھا ڈرون حملے ہورہے ہیں، پاکستان کے لوگ اس سازش کو پہچان گئے ہیں، آج ان بے ضمیر لوگوں کے خلاف ملک بھر میں مظاہرے ہوئے ہیں،پاکستان کو نہ تو بکنے دیں گے نہ ہی جھکنے دیں گے۔
Comments are closed.