وزیرِ اعظم شہباز شریف سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے کے لیے سکھر پہنچے جہاں وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو نے ان کا استقبال کیا۔
وزیرِ اعظم کے استقبال کے لیے وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، ناصر حسین شاہ، نعمان اسلام شیخ و دیگر بھی موجود تھے۔
شہباز شریف نے وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ قمبر شہداد کوٹ کا فضائی جائزہ لیا۔
وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ کو قمبر شہداد کوٹ میں سیلاب سے تباہی پر بریفنگ دی گئی، انہوں نے قمبر شہداد کوٹ کے سیلاب متاثرین میں امدادی چیک تقسیم کیے۔
اس موقع پر بلاول بھٹو نے کہا کہ سیلاب سے تباہی ملکی تاریخ کا بڑا سانحہ ہے، کروڑوں افراد متاثر اور لاکھوں بے گھر ہوئے ہیں، پاکستان نے موسمیاتی تبدیلیوں کی بھاری قیمت ادا کی، دنیا کو ایک ہو کر اس آفت کا مقابلہ کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کا کوئی بھی ملک موسمیاتی تبدیلی کے عفریت کا تنِ تنہا مقابلہ نہیں کرسکتا، پاکستان بہادر لوگوں کا وطن ہے، ہم ہمت نہیں ہاریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ اس قومی آفت سے مل کر نکلیں گے، یہ وقت متحد ہو کر دنیا کو پیغام دینے کا ہے کہ ہم ہر مشکل کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
Comments are closed.