منگل 20؍محرم الحرام 1445ھ 8؍اگست 2023ء

وزیر اعظم شہباز شریف کا جی ایچ کیو کا الوداعی دورہ

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے جی ایچ کیو کا الوداعی دورہ کیا۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق وزیرِ اعظم کی جی ایچ کیو آمد پر آرمی چیف نے ان کا استقبال کیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم نے پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے ملاقات کی، وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، انہوں نے یادگار شہداء پر پھول رکھے۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم نے شہداء، غازیوں اور ان کے خاندانوں کو وطن کے دفاع کے لیے قربانیوں،خدمات پر خراج تحسین پیش کیا، شہباز شریف نے علاقائی سالمیت کے تحفظ، دہشت گردی کی لعنت سے لڑنے میں مسلح افواج کے کردار کو سراہا۔

وزیرِ اعظم نے شہداء کے 70 خاندانوں اور 30 ​​جنگی زخمیوں میں خصوصی مالی امداد کے چیک تقسیم کیے اور شہداء کے وارڈز میں تعلیمی سرگرمیوں کے تحت لیپ ٹاپ بھی تقسیم کیے۔

وزیرِ اعظم شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

جی ایچ کیو میں شہداء کے اہل خانہ اور غازیان کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ شہداء اور غازیوں نے وطن کے دفاع کے لیے عظیم قربانیاں دیں، پاکستان کے معرض وجود میں آنے سے آج تک قربانیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہداء نے آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر موت کا مقابلہ کیا، پاکستان کو اللّٰہ تعالیٰ نے نیوکلیئر طاقت بنا دیا ہے، قیامت تک دشمن پاکستان کو میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکے گا۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ شہداء کی روح کو تسکین صرف پاکستان کی خوشحالی سے پہنچے گی، بہت وقت گزر گیا، پلوں سے بہت پانی بہہ گیا، ہمیں اور کچھ نہیں تو شہیدوں کی قربانیوں کا احترام کرنا ہے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ وسائل کی بندر بانٹ کے بجائے وسائل کی منصفانہ تقسیم پر متحد ہو جائیں، پاکستان مشکل ترین حالات سے نکل آیا ہے، ملک سے غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ کرنا ہو گا۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم سب نے مل کر پاکستان کو دوبارہ تعمیر کرنا ہے، کل ہماری حکومت کی مدت مکمل ہو جائے گی، آئینی تقاضے پورے کرتے ہوئے اقتدار نگراں حکومت کے حوالے کردیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کا جامع پلان وجود میں آچکا ہے، کل میں نے اپنی مدت کی آخری میٹنگ کی تھی، ملک کی زراعت کو ترقی دینا ہے، معدنیات کے وسائل کو استعمال میں لانا ہے، نوجوان نسل کی جدید تعلیم کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی کامنصوبہ بنا چکے ہیں، دفاعی صلاحیت میں مزید اضافہ کریں گے۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ خلیجی اور دیگر ممالک سے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری آئے گی، دن رات محنت کرنا ہو گی، شہیدوں کی روح کو تسکین پہنچانا ہو گی، سب مل کر حصہ ڈالیں گے تو کوئی پہاڑ رکاوٹ نہیں بنے گا، سپہ سالار عاصم منیر اور آپ کی ٹیم کا شکر گزار ہوں۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہداء اور غازی ہمارا فخر ہیں، ان کی عزت و تکریم ہر پاکستانی پر لازم ہے، یہ آزادی اس مٹی کے ان بہادر بیٹوں کی لازوال قربانیوں کی بدولت ہے، میں پاکستان کے لیے اپنے پیاروں کی قربانی دینے پر ان کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتا ہوں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.