وزیراعظم عمران خان سے سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود کی ملاقات ہوئی۔ دونوں رہنماؤں کے مابین ہونے والی ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے اسلامی اتحاد کے فروغ میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے قائدانہ کردار کی تعریف کی، وزیراعظم نے خطے میں امن و سلامتی کے لیے سعودی عرب کی کوششوں کو سراہا۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے پاک سعودی برادرانہ تعلقات میں سعودی ولی عہد کے موثر کردار کی تعریف کی، وزیر اعظم نے مشکل حالات میں حمایت پر سعودی قیادت شکریہ ادا کیا۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے پاکستان کی حالیہ مالیاتی مدد پر سعودی قیادت سے اظہار تشکر کیا، وزیراعظم نے سعودی عرب پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی مذمت کی۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے مملکت کی سلامتی، خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مجرمان کی منتقلی کے معاہدے پر بھی گفتگو کی گئی۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ امید ہے اس فریم ورک سے سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی بڑی تعداد کو پاکستان واپس بھیجا جائے گا۔
شہزادہ عبدالعزیز نے وزیر اعظم کو سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا تہنیتی پیغام پہنچایا۔
اعلامیے کے مطابق سعودی وزیر داخلہ نے سعودی عرب کی ترقی میں پاکستانیوں کے مثبت کردار کا اعتراف کرتے ہوئے اپنی وزارت سے متعلق تمام امور پر پاکستان سے مل کر کام کرنے کا اعادہ کیا۔
Comments are closed.