منگل10؍جمادی الثانی 1444ھ3؍جنوری2023ء

وزیر آباد واقعے کی جے آئی ٹی غیر قانونی ہے، عطا تارڑ

وزیر اعظم کےمعاون خصوصی عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ وزیر آباد واقعے کی جے آئی ٹی غیر قانونی ہے، لوگوں کو اغوا کر کے حبس بے جا میں رکھا جا رہا ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ پولیس ن لیگی ورکر مدثر اور احسن کو حراست میں لینے کی تردید کر رہی ہے، دونوں کو موبائل میں ڈالنے کی ویڈیو موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس مسنگ پرسنز کا کیس بنانا چاہتی ہے، آپ نے گرفتاری ڈالنی ہے ڈالیں، آپ دو بے گناہ لوگوں کو اٹھا لیں یہ روش اب نہیں چلے گی۔

عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ سی سی پی او غلام محمود ڈوگر ایک خاص مائنڈ سیٹ رکھتا ہے، غلام محمود ڈوگر جو یونیفارم میں ڈکیٹ ہے اسے کوئی پوچھنے والا ہے، آپ نے ایک ماں کے دو بیٹے غیر قانونی طور اٹھا لیے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ لاہور کا ماسٹر پلان بنایا گیا ہے جس میں گرین ایریا ختم کر دیا گیا ہے، آپ اربوں میں کھیلنے والے اور کرپشن کرنے والے لوگ ہیں، احسن اور مدثر کی والدہ وکلاء کے ساتھ آئی جی پنجاب کے پاس جا رہی ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ مونس الہٰی عمران خان کی خوشنودی حاصل کرنا چاہتا ہے، ضرور کرے، کروڑوں روپے جو مونس الہٰی کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر ہوئے اس کی تحقیقات بھی جاری ہیں، پرویز الہٰی اور مونس الہٰی کو اپنی کرپشن کا حساب دینا پڑے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.