وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور چین کے وزیرِ خارجہ وانگ ژی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس کے دوران دونوں وزرائے خارجہ کے مابین افغانستان کی بدلتی صورتِ حال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
چینی وزیرِ خارجہ وانگ ژی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پر امن اور مستحکم افغانستان، پاکستان اور خطے کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس تناظر میں پاکستان نے افغان امن عمل کی پرعزم حمایت کی۔
پاکستانی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ پاکستان اورچین نے ’ٹرائیکا پلس‘ کا حصہ ہوتے ہوئے امن کاوشوں آگے بڑھانے میں گراں قدر معاونت کی۔
انہوں نے افغان صورتِ حال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے بارے میں چینی ہم منصب کو آگاہ کیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ موجودہ صورتِ حال میں نہایت ضروری ہے کہ افغان عوام اور ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کا جامع سیاسی تصفیہ ضروری ہے، جس کے لیے تمام افغانوں کو مل کر کام کرنا چاہیئے۔
وزیرِ خارجہ نے کہا کہ عالمی برادری کی جانب سے افغان عوام کی حمایت کا جاری رہنا ناگزیر ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ عالمی برادری کو افغانستان کی مسلسل معاشی معاونت برقرار رکھنی چاہیئے۔
شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان اور چین آہنی برادر اور اسٹریٹجک شراکت دار ہیں۔
پاکستانی وزیرِ خارجہ نے یہ بھی کہا کہ دونوں ممالک کے مابین مشترکہ مفادات اور اہمیت کے امور پر قریبی رابطے اور ہم آہنگی استوار رکھنے کی روایت موجود ہے۔
Comments are closed.