وزیرِ اعظم شہباز شریف کے مشیر امیر مقام نے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کو استعفیٰ لکھنے کے لیے کاغذ قلم دینے کی پیشکش کر دی۔
لوئر دیر میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں امیر مقام نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا کو اگر اپنے استعفے کے لیے قلم کاغذ نہیں مل رہا تو میں بھیج دیتا ہوں۔
امیر مقام نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ دستخط نہیں کر سکتے تو انگوٹھا لگا لیں، اس کے لیے اسٹیمپ پیڈ بھجوا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’صاف چلی، شفاف چلی‘ نے پاکستان میں کرپشن کا کلچر متعارف کروایا، فرح گوگی اور کرپشن کی پیرنی کے ذریعے رشوت کو قانون بنایا گیا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا ہے کہ عمران خان نے ن لیگ کی لیڈرشپ پر جھوٹے الزامات لگائے، جھوٹی خبریں چھپوائیں، شہباز شریف پر کچھ بھی ثابت نہیں ہوا تو لندن کے اخبار نے ان سے معافی مانگی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کے مشیر نے کہا کہ عمران خان نے عوام کو سبز باغ دکھائے، جتنے وعدے کیے سب چھوٹے ثابت ہوئے، عوام سے سوال کرتا ہوں اس شخص نےجھوٹ نہیں بولا؟
ان کا مزید کہنا ہے کہ اس شخص کو گولی لگی تو اپنے ہی اسپتال میں چلا گیا، اپنی سیاست کے لیے پاکستان کے ارادوں کے پیچھے لگا، عمران خان پاکستان سمیت لندن، امریکا اور سعودی عرب میں بھی جھوٹا ثابت ہوا۔
امیر مقام نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی تباہی کے لیے عمران خان کو فارن فنڈنگ کی گئی،انہوں نے خیرات کا پیسہ اپنی سیاست کے لیے استعمال کیا،انہوں نے خیبرپختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹر رکشے کی طرح استعمال کیا، عمران خان اور کرپٹ ٹولے سے قومی خزانے کی پائی پائی کا حساب لیں گے۔
Comments are closed.