بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

وزیرِ اعظم کے دورۂ چین سے تعلقات بلندیوں کو چھوئیں گے: فواد چوہدری

وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم کے دورۂ چین سے دونوں ملکوں کے تعلقات بلندیوں کو چھوئیں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان آج اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ چین روانہ ہو رہے ہیں جہاں ان کی چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات ہو گی۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ وزیرِ اعظم کی چین کے صدر اور وزیرِ اعظم سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں ہوں گی۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات نے بتایا کہ وزیرِ اعظم کی چین کی مختلف کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں بھی ہوں گی۔

ان کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان چین کے دورے کے دوران بڑے چینی سرمایہ کاروں سے ملاقات کریں گے، دورے کے بعد چین سے کئی کاروباری اور صنعتی یونٹ پاکستان منتقل ہوں گے۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کے دورۂ چین کا بنیادی مقصد سرمائی اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کرنا ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ چین نے انسانی تاریخ میں 70 کروڑ افراد کو غربت سے نکالا ہے، یہ ضرورت کے وقت ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے، وفد کے ہمراہ آئندہ ہفتے چین کے دورے کا منتظر ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں جذبۂ خیر سگالی کا پیغام چین تک پہنچانا ہے، 20 دیگر ممالک کے سربراہان بھی اس وقت چین میں ہیں۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کے دورے کے بعد چین کی بزنس کمیونٹی بڑے پیمانے پر پاکستان میں سرمایہ کاری کرے گی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.