وزیرِ اعظم عمران خان نے کوئٹہ میں مستونگ روڈ پر واقع ایف سی چیک پوسٹ پر کالعدم ٹی ٹی پی کے خودکش حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
کوئٹہ میں ہوئے خود کش حملے کی مذمت وزیرِ اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیئے گئے ایک بیان میں کی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ شہداء کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہیں، زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔
وزیرِاعظم عمران خان نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا ہے کہ غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو ناکام بنانے والی سیکیورٹی فورسز اور ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ کوئٹہ میں آج مستونگ روڈ پر سوہنا خان ایف سی چیک پوسٹ پر خود کش دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 4 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 19 زخمی ہو گئے۔
کوئٹہ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کے 19 زخمیوں میں 17 ایف سی اہلکار اور 2 سویلین شامل ہیں، خود کش حملے کے تمام زخمیوں اور لاشوں کو شیخ زید اسپتال منتقل کیا گیا۔
دھماکے کے بعد ریسکیو ٹیموں کے علاوہ سی ٹی ڈی اور بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے تحقیقات شروع کر دیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد کے مطابق دھماکا خود کش تھا، خود کش حملہ آور کا سر اور دیگر جسمانی اعضاء قبضے میں لے لیئے گئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق خود کش حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھا، جس نے اپنی موٹر سائیکل قانون نافذ کرنے والے ادارے کی گاڑی سے ٹکرائی۔
واضح رہے کہ خود کش دھماکے کی ذمے داری کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے قبول کی ہے۔
Comments are closed.