یومِ آزادی کے موقع پر وزیرِ اعظم عمران خان نے قوم سے پودا لگا کر یومِ آزادی منانے کی اپیل کر دی۔
یہ بات پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما و سینیٹر فیصل جاوید نے اپنے حصے کا پودا لگانے کے بعد قوم کو آزادی کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہی ہے۔
سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی اپیل پر ہم سب کو آج اپنے حصے کا پودا لگانا ہے، ماحولیات کے تحفظ کے لیے پاکستان نے بہت سی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے خیبر پختون خوا میں 1 ارب سے زائد درخت لگائے، وزیرِ اعظم عمران خان نے اس بار بھی 1 ارب درختوں کی تنصیب کا ہدف طے کر رکھا ہے۔
سینیٹر فیصل جاوید نے بتایا ہے کہ گوجرانوالہ میں بچوں نے 1 منٹ میں 50 ہزار سے زائد پودے لگا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے ماحولیات سے متعلق اقوامِ متحدہ کے اہداف مقررہ مدت سے 10 سال قبل ہی حاصل کر لیئے ہیں۔
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما و سینیٹر فیصل جاوید کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم سب کوآج اپنے حصے کا پودا لگا کر تصویر حکومتِ پاکستان کو بھجوانی ہے۔
Comments are closed.