منگل 28؍ربیع الاول 1444ھ25؍اکتوبر 2022ء

وزیرِ اعظم کا ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کرانے کا فیصلہ

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کینیا میں صحافی ارشد شریف کے جاں بحق ہونے کے معاملے کی تحقیقات کرانے کا فیصلہ کر لیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا اس حوالے سے جاری کیے گئے بیان میں کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سینئر صحافی ارشد شریف کے جاں بحق ہونے کے معاملے کی تحقیقات کرانے کا فیصلہ کر لیا۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ہائی کورٹ کے جج کی سربراہی میں جوڈیشل انکوائری کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

مریم اورنگزیب نے یہ بھی بتایا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے یہ فیصلہ مرحوم ارشد شریف کے جاں بحق ہونے کے اصل حقائق کے تعین کے لیے کیا ہے۔

سینئر صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف کے قتل کے حوالے سے کینیا کے میڈیاکا کہنا ہے کہ ارشد شریف کو پولیس نے سر میں گولی مار کر ہلاک کیا۔

واضح رہے کہ سینئر صحافی اور اینکر ارشد شریف کو کینیا میں قتل کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے ان کی اہلیہ جویریہ صدیق کا کہنا تھا کہ پولیس کے مطابق ارشد شریف کو کینیا میں گولی ماری گئی۔

ارشد شریف کچھ روز پہلے دبئی سے لندن بھی گئے تھے اور پھر کینیا چلے گئے تھے۔

پاکستانی سینئر صحافی و ٹی وی اینکر ارشد شریف کے پولیس کی فائرنگ سے قتل پر کینیا پولیس کی ابتدائی رپورٹ سامنے آ گئی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے صحافی ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کے لیے فیکٹ فائنڈنگ کمیشن کی تشکیل کی درخواست پر سماعت کے دوران ہدایت کی ہے کہ انکوائری کے معاملے پر صحافتی تنظیموں کو آن بورڈ رکھا جائے۔

کینیا پولیس کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ارشد شریف کی گاڑی ان کا رشتے دار چلا رہا تھا، مگادی ہائی وے پر پولیس نے چھوٹے پتھر رکھ کر روڈبلاک کیا تھا۔

کینیا پولیس کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ارشد شریف کی کار روڈ بلاک ہونے کے باوجود نہیں رکی، پولیس آفیسرز نے کار نہ رکنے پر فائرنگ کی۔

کینیا پولیس کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کار پر 9 گولیاں فائر کی گئیں، جن میں سے ایک ارشد شریف کے سر میں لگی۔

دفترِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق ارشد شریف کی میت گزشتہ شب سوا 1 بجے نیروبی سے دوحہ روانہ کی گئی تھی۔

ترجمان دفترِ خارجہ نے بتایا ہے کہ ارشد شریف کی میت دوحہ سے آج شام 7 بج کر 35 منٹ پر پاکستان روانہ کی جائے گی۔

دفترِ خارجہ کے ترجمان نے مزید بتایا ہے کہ صحافی ارشد شریف کی میت آج رات 1 بج کر 5 منٹ پر اسلام آباد پہنچائی جائے گی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.