وفاقی وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے جنیوا کانفرنس میں ایک تیر سے دو شکار کئے ہیں۔
اسلام آباد میں وزیرِ اعظم شہباز شریف اور وفاقی وزراء کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچانے والوں کو منہ توڑ جواب دیا، کانفرنس میں ہم نے اپنا ٹارگٹ حاصل کر لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آٹھ نو مہینے سے کی گئی محنت کا پھل نظر آرہا ہے، پاکستان کی تنہائی کا تاثر ہمیشہ کے لیے دفن ہو گیا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معیشت کا غلط تاثر اس کانفرنس میں ختم ہو گیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ دنیا معاشی بحران میں ہے، یوکرین روس جنگ نے بھی معاشی بحران پیدا کیا، یورپی یونین نے آگے بڑھ کر ہمارا ساتھ دیا۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ دنیا 9 ارب ڈالر سے زائد انویسٹ کرنے کے لیے تیار ہے، آج بھی عوام کھلے آسمان تلے سو رہے ہیں، گھر ٹوٹے ہوئے ہیں، آج بھی ہمیں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر سپورٹ کی ضرورت ہے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ سندھ میں سرد موسم کی لہر آنے والی ہے، ہاتھ جوڑ کر اپیل کرتا ہوں متاثرین کی خیمے، کمبل، کھانے پینے کی مدد کریں۔
اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا تھاکہ اگر رقم میں خوردبرد کا خدشہ ہوتا تو 10 ارب ڈالر کا اعلان نہیں ہوتا، مخالفین نے ہمارے خلاف بدترین پروپیگنڈا کیا تھا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جنیوا کانفرنس انتہائی کامیاب ثابت ہوئی جہاں 9.7 ارب ڈالر کی امداد کے وعدے کیے گئے۔
Comments are closed.