گزشتہ روز پڑوسی ملک چین کے دورے پر پہنچنے والے وزیرِ اعظم عمران خان نے چین کے اہم اداروں کے سربراہوں سے ملاقاتیں کی ہیں جن کے دوران ڈیجیٹل، صحت، تجارت، صنعتی راہداریوں کے قیام کا فیصلہ کیا گیا جبکہ سی پیک کے جاری منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔
آج وزیرِ اعظم عمران خان نے چین کے نیشنل ڈیولپمنٹ ریفارم کمیشن کے چیئرمین اور چینی سیاسی مشاورتی کانفرنس کے وائس چیئرمین سے بھی ملاقات کی۔
ملاقات میں سی پیک کے جاری منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، سی پیک سے متعلق مستقبل کے اقدامات کی تیاریوں پر تبادلۂ خیال بھی کیا گیا۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے اس موقع پر سی پیک کی بروقت تکمیل اور اس کی اعلیٰ معیار کی ترقی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک تعاون اور پارٹنر شپ لازوال ہے، کوویڈ کے باوجود مشترکہ تعاون سے سی پیک کے منصوبوں پر کام بتدریج آگے بڑھا، سی پیک پاکستان اور چین دونوں کے لیے اسٹریٹجک اہمیت کا حامل ہے، یہ منصوبہ دونوں ممالک کے عوام کو ٹھوس فوائد پہنچا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک کے ابتدائی فیز کے منصوبوں نے پاکستان کے معاشی منظر نامے کو بدل دیا ہے، سی پیک نے پائیدار اقتصادی ترقی کی مضبوط بنیاد رکھی ہے، گوادر کو علاقائی تجارت اور صنعت کا مرکز بنانےکی کوششیں جاری رکھیں گے، ایم ایل ون اور توانائی کے دیگر اہم منصوبوں کو بھی ترجیح دیں گے۔
نیشنل ڈیولپمنٹ ریفارم کمیشن چین (این آر ڈی سی) کے چیئرمین نے کہا کہ چین سی پیک کو بہت اہمیت دیتا ہے، سی پیک کی مستحکم پیش رفت اور ترقی کے لیے پرعزم ہیں، چین پاکستان کا سب سے بڑا سرمایہ کاری اور تجارتی شراکت دار بن گیا ہے، چینی ادارے سی پیک منصوبوں میں سرمایہ کاری کے لیے چینی سرکاری اور نجی اداروں کی حوصلہ افزائی جاری رکھیں گے۔
دونوں فریقین نے نئی گرین، ڈیجیٹل، صحت، تجارتی اور صنعتی راہداریوں کے قیام کا فیصلہ بھی کیا۔
دونوں فریقین کی جانب سے بورڈ آف انویسٹمنٹ اور این ڈی آر سی کے درمیان صنعتی تعاون کے فریم ورک معاہدے پر دستخط کا خیرمقدم بھی کیا گیا۔
اس سے قبل چین میں پاکستانی سرمایہ کاری بورڈ اور چینی ہم منصب کے درمیان صنعتی تعاون کے فروغ کے معاہدے پر دستخط بھی کیے گئے جس کی تقریب میں وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان نے آن لائن شرکت کی۔
پاکستان کی جانب سے وزیرِ مملکت و چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ محمد اظفر احسن نے جبکہ چین کی جانب سے چیئرمین این آر ڈی سی ہی لائفنگ نے معاہدے پر دستخط کیے۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ 18 سیکٹرز میں چین کے صنعت کار پاکستان سے تعاون کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کے دورۂ چین کا رسمی طور پر آغاز ہو چکا ہے، آج وزیرِ اعظم عمران خان نے 18 سے زائد سیکٹرز میں ویڈیو کانفرنسز کیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان چین کے سب سے بڑے ٹی وی کو انٹرویو بھی دیں گے، وہ آج وفد کے ہمراہ اولمپک ویلیج میں سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے، 20 سے زائد سربراہانِ مملکت سرمائی اولمپکس کی اس تقریب میں شرکت کریں گے۔
Comments are closed.