نو منتخب وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں کے قائدین سے ملاقات کی ہے، جس کے لیے وہ تمام اتحادی قائدین کے گھر پہنچے۔
وزیر اعظم اسلام آباد میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور ان کے والد سابق صدر آصف علی زرداری سے ملے۔
انہوں نے ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی اور دیگر رہنماؤں سے پارلیمنٹ لاجز میں ملاقات کی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ جا کر ان سے ملاقات بھی کی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی سردار عطاء اللّٰہ مینگل، خالد مگسی، شاہ زین بگٹی، اسلم بھوتانی سے بھی ملاقات ہوئی۔
ملاقاتوں کے دوران میاں شہباز شریف نے وزیرِ اعظم کے منصب کے لیے نامزدگی، ووٹ اور تعاون پر اتحادی قائدین، رہنماؤں اور اراکینِ اسمبلی کا شکریہ ادا کیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں کے قائدین سے کابینہ کی تشکیل پر اہم مشاورت بھی کی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں کے قائدین سے گفتگو میں کہا کہ اسی جذبے اور باہمی اعتماد سے آگے بڑھیں گے جس کے ذریعے اس منزل تک پہنچے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اتحاد، مشاورت اور تعاون کے جذبے سے چلیں گے، مل کر مسائل حل اور وعدے پورے کریں گے۔
واضح رہے کہ میاں محمد شہباز شریف نے گزشتہ شب پاکستان کے 23 ویں وزیرِ اعظم کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔
نو منتخب وزیرِ اعظم شہباز شریف کی حلف برداری کی تقریب ایوانِ صدر میں منعقد ہوئی۔
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے علیل ہو جانے کے باعث تعطیل پر چلے جانے کی وجہ سے قائم مقام صدر و چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے شہباز شریف سے وزارتِ عظمیٰ کا حلف لیا۔
حلف برداری کی تقریب میں اعلیٰ سول و فوجی حکام، سیاسی رہنماؤں، اراکینِ پارلیمنٹ اور اہم شخصیات نے شرکت کی۔
بلاول بھٹو زرداری، مریم نواز، حمزہ شہباز، مولانا فضل الرحمٰن سمیت متحدہ حکومت کے رہنماؤں، ممبرانِ قومی اسمبلی اور سینیٹ نے تقریب میں شرکت کی۔
مختلف ممالک کے سفیر بھی تقریبِ حلف برداری میں موجود تھے۔
اس سے قبل قومی اسمبلی نے شہباز شریف کا 174 ووٹوں سے ملک کے نئے وزیرِ اعظم کی حیثیت سے انتخاب کیا تھا۔
Comments are closed.