وزیرِ اعظم شہباز شریف، وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور دیگر حکام بذریعہ ہیلی کاپٹر بولان کے لیے روانہ ہو گئے۔
اس سے قبل وزیرِ اعظم شہباز شریف بلوچستان کے ضلع کچی کا دورہ کرنے کے لیے کوئٹہ پہنچے تھے۔
شہباز شریف کو چئیرمین این ایچ اے بولان میں جاری بحالی کے کام سے متعلق بریفنگ دیں گے۔
دورے کے دوران وزیرِ اعظم شہباز شریف سیلاب سے متاثرہ روڈ اور ریلوے انفرااسٹرکچر کی بحالی کے کام کا جائزہ لیں گے۔
شہباز شریف بی بی نانی کے علاقے میں سیلاب کے سبب گر جانے والے ریلوے پُل کا فضائی جائزہ بھی لیں گے۔
اس کے علاوہ وزیرِ اعظم سیلاب میں بہہ جانے والے پنجرا پُل کی بحالی کے کام کا بھی جائزہ لیں گے۔
دوسری جانب نصیر آباد، جعفر آباد اور صحبت پور میں سیلاب متاثرین سڑکوں کے کنارے سخت گرمی میں پانی اترنے اور حکومتی امداد کے منتظر ہیں۔
اُدھر ڈیرہ مراد جمالی کے متاثرہ علاقوں میں 1 ماہ بعد بھی ریلیف آپریشن شروع نہیں کیا جا سکا۔
متاثرین کو پینے کے صاف پانی، خوراک اور دواؤں کی شدید قلت کا سامنا ہے، خواتین اور بچے مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے ہیں۔
Comments are closed.