پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) ضلع دادو کے رہنما سردار یاسر خان ببر نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کی اور ببر برادری کو درپیش مسائل سے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا، جس پر انہوں نے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
سردار یاسر خان ببر نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر مولا بخش چانڈیو کی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پی پی کے مرکزی رہنما و سینیٹر مولا بخش چانڈیو سے ان کے بھائی کی وفات پر تعزیت کی۔
اس موقع پر سردار یاسر خان ببر بھی چانڈیو ہاؤس میں موجود تھے، سینیٹر جام مہتاب ڈہر، مشیر وزیراعلیٰ سندھ صغیر احمد قریشی، عمیر مولا بخش چانڈیو، ڈی آئی جی حیدرآباد، کمشنر حیدرآباد، ڈپٹی کمشنر، ایس ایس پی و دیگر لوگوں نے بھی پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و سینیٹر مولا بخش چانڈیو سے تعزیت کی۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات کے دوران یاسر خان ببر نے وزیراعلیٰ سندھ کو تحفے میں ایک فریم شدہ تصویر دی جس میں محترمہ بے نظیر بھٹو شہید، وزیراعلیٰ سندھ کے والد و سابق وزیراعلیٰ سندھ سید عبداللّٰہ شاہ اور مرحوم سردار میر خان ببر اور پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو ساتھ ساتھ تھے۔
تصویر کو دیکھ کر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم میر خان ببر میرے والد سید عبداللّٰہ شاہ کے قریبی دوست تھے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ببر برادری کی پیپلز پارٹی اور سندھ کی ترقی کے لیے خدمات ناقابل فراموش ہیں۔
ملاقات کے دوران یاسر خان ببر نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو ضلع دادو کی سیاسی صورتحال بتاتے ہوئے ببر برادری کو درپیش مسائل سے بھی تفصیلی طور پر آگا ہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ببر برداری کے لوگ شکوہ کرتے ہیں کہ ضلع دادو کی تحصیل جوہی کے ایم پی اے سید صالح شاہ جو آپ کے کزن بھی ہیں وہ ضلع جوہی کی ببر برادری کے کام نہیں کرتے جس سے ببر برادری کے لوگوں کو پریشانی کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے۔
اس پر وزیراعلیٰ سندھ نے یاسر خان ببر کو کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ جوہی میں ببر برداری کا بڑا ووٹ بینک ہے اور ببر برادری گزشتہ کئی سالوں سے پیپلز پارٹی کو ووٹ دیتی آرہی ہے۔
انہوں نے ببر برادری کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
یاسر خان ببر نے وزیراعلیٰ سندھ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سندھ کی عوام نہایت خوش قسمت ہے کہ سید مراد علی شاہ جیسا مہربان، نفیس اور غریبوں کا درد سمجھنے والا انسان وزیراعلیٰ کے منصب پر فائز ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ کی ملنساری اور خوش مزاجی کی وجہ سے سندھ کے لوگ آپ سے پیار اور اعتماد کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ بھی حقیقت ہے کہ سید مراد علی شاہ کی قائدانہ صلاحیتوں اور قابلیت کی وجہ سے صوبہ سندھ ہر شعبے میں ترقی کر رہا ہے۔
یاسر خان ببر نے سینیٹر مولا بخش چانڈیو کے بھائی کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
Comments are closed.