وزیراعلیٰ بلوچستان نے چمن جیل پر حملے اور 17 قیدیوں کے فرار کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا۔
واضح رہے کہ چمن جیل میں سنگین مقدمات میں ملوث قیدیوں نے اہلکار پر حملہ کردیا تھا اور اسلحہ چھین کر جیل سے فرار ہوگئے تھے۔
پولیس کے مطابق قیدیوں نے نماز عید کےلیے بیرک سے نکلتے ہوئے جیل اہلکاروں پر حملہ کیا جس کے بعد وہ اہلکار سے اسلحہ چھین کر فرار ہوگئے۔
بیرک انچارج نے بتایا کہ بیرک نمبر 4 میں 302 اور سنگین جرائم میں ملوث ملزمان قید تھے، بیرک نمبر 4 کے قیدیوں کو نماز پڑھنے کےلیے نکالا تو سب نے ایک ساتھ حملہ کردیا۔
جیل حکام کے مطابق قیدیوں نے مین گیٹ کے باہر کھڑے اہلکار سے کلاشنکوف چھین کر فائرنگ کردی، فائرنگ سے ایک جیل اہلکار بھی زخمی ہوگیا تھا۔
تاہم اب وزیراعلیٰ بلوچستان نے قیدیوں کے فرار کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے فرار قیدیوں کی گرفتاری کےلیے مشترکہ کارروائی کریں۔
Comments are closed.