وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کے دورہ چین کے دوران کچھ لوگ تصویریں ڈھونڈنے پر لگے ہوئے تھے، جہاں پاکستان کے مفاد کی بات ہو وہاں اپنی چھوٹی سوچ سامنے نہیں لایا کریں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران فرخ حبیب نے کہا کہ تصویریں، ویڈیو اور مشترکہ اعلامیہ سامنے آگیا ہے، چھوٹی سوچ، ایجنڈے اور ذاتی عناد کو آگے نہیں لانا چاہیے۔
فرخ حبیب نے کہا کہ سی پیک میں سب سے زیادہ کام ہماری حکومت میں ہوا، سی ای سی نے وزیراعظم کو چین کے کامیاب دورے پر مبارک باد دی ہے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ لوٹ کھسوٹ کا ٹولہ تیتر بٹیر کے ناشتے کرتے نظر آرہا ہے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی کبھی اتنی ملاقاتیں نہیں ہوئیں، یہ سارا ٹوپی ڈرامہ عوام اور میڈیا نے دیکھا ہے، ان کے پاس کیا ایجنڈا ہے، کیا پاکستان کے مفاد کا ایجنڈا ہے۔
فرخ حبیب نے کہا کہ سی ای سی اجلاس میں پارٹی امور کا جائزہ لیا گیا، وزیراعظم نے عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، عوام کو حکومت کی کارکردگی سے آگاہ کیا جائے گا۔
وزیر مملکت نے کہا کہ ملک بھر میں ترقیاتی منصوبے جاری ہیں، وزیراعظم سیاسی حکمت عملی کے تحت عوامی اجتماعات سے خطاب بھی کریں گے۔
فرخ حبیب نے مزید کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بورڈ تشکیل دیا گیا ہے، پارٹی کے صوبائی صدور اضلاع میں کنونشن منعقد کریں گے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ صحت کارڈ کے ذریعے شہری 10 لاکھ تک کا علاج کرواسکیں گے۔
Comments are closed.