وزیراعظم عمران خان کی کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے مرکز آمد کے بعد اپوزیشن نے بھی حکومتی اتحادی جماعت سے رابطہ کرلیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی بہادرآباد آمد کے بعد اپوزیشن نے متحدہ سے اہم رابطہ کیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ایم کیو ایم پاکستان کا وفد کل سابق صدر آصف زرداری سے ملاقات کرے گا، ایم کیو ایم وفد کی ملاقات اسلام آباد میں ہوگی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ملاقات کے لیے خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں وفد اسلام آباد جائے گا۔
وزیراعظم کی ایم کیو ایم رہنماؤں سے ملاقات
کراچی کے دورے پر آئے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان نے ایم کیو ایم پاکستان کے بہادر آباد میں قائم عارضی مرکز میں ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔
اپوزیشن کی عدم اعتماد کی تحریک کے بعد اتحادیوں کا اعتماد حاصل کرنے کے لیے عمران خان متحرک ہو گئے ہیں، اسی سلسلے میں وہ کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے ملاقات کرنے پہنچے تھے۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل، وفاقی وزیر علی زیدی، شاہ محمود قریشی اور اسد عمر بھی وزیرِ اعظم عمران خان کے ہمراہ تھے۔
ملاقات کے بعد حیدر آباد میں MQM کا زونل دفتر کھل گیا
وزیرِ اعظم عمران خان کی ایم کیو ایم رہنماؤں سے ہونے والی ملاقات کے بعد حیدر آباد میں ایم کیو ایم کا زونل دفتر کھول دیا گیا۔
ایم کیو ایم کے زونل آفس کے ترجمان نے بتایا ہے کہ حیدر آباد کے بھائی خان چوک پر زونل آفس کھول دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کئی سال قبل بانیٔ متحدہ کی متنازع تقریر کے بعد پابندی عائد کیے جانے پر کراچی، حیدر آباد سمیت سندھ بھر میں واقع تنظیمی دفاتر بند کر دیے گئے تھے۔
وزیرِ اعظم کی کراچی میں دیگر مصروفیات
کراچی میں وزیرِ اعظم عمران خان پی ٹی آئی کے ارکانِ سندھ اسمبلی سے بھی مشاورت کریں گے۔
وہ گورنر ہاؤس کراچی میں میں عوامی اجتماع میں شرکت اور خطاب بھی کریں گے۔
Comments are closed.