وزیراعظم شہباز شریف کی امریکی صدر جو بائیڈن کے نمائندہ خصوصی برائے ماحولیات جان کیری سے ملاقات ہوئی ہے۔
اس موقع پر جان کیری نے کہا کہ امریکا انفرااسٹرکچر کی دوبارہ تعمیر میں اشتراک کیلئے پاکستان سے تعاون کو تیار ہے۔
جان کیری جو صدر بارک اوباما کے دور میں امریکی وزیر خارجہ بھی رہ چکے ہیں ان کا کہنا تھا کہ امریکا مستقبل میں ایسے بحران سے بچنے میں تعاون کے لیے بھی تیار ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور جان کیری کے درمیان موسمیاتی تبدیلی اور انرجی ڈائیلاگ پر قریبی توجہ جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم کی جان کیری سے یہ ملاقات اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس کی سائیڈلائن پر ہوئی۔ وزیراعظم نے موسمیاتی تبدیلیوں کے بحران سے آگاہی اور حل کی جان کیری کی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی بائیڈن انتظامیہ کے کردار کی بھی تعریف کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کے لیے امریکی امداد پر اظہار تشکر کیا اور بین الاقوامی برادری کی مسلسل مدد کی ضرورت پر زور دیا۔
امریکی خصوصی نمائندے جان کیری نے پاکستانی حکومت اور عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے سیلاب سے درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں امریکی تعاون کا اعادہ کیا۔
Comments are closed.