وزیراعظم شہباز شریف کی پیرس میں سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی۔ وزیراعظم شہباز شریف اور شہزادہ محمد بن سلمان نے باہمی دلچسپی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
فرانس میں جاری کانفرنس کی سائیڈ لائنز پر وزیراعظم شہباز شریف کی اہم ملاقاتیں ہوئی ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد سے ملاقات میں شاہ سلمان بن عبد العزیز کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کی حکومت، عوام کیلئے خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا، دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعاون کے فروغ کیلئے اشتراک عمل مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی فرانس کے صدر ایمانوئل میکروں سے بھی ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فرانسیسی صدر نے مالیاتی انصاف پر مبنی نظام کی طرف جرات مندانہ قدم اٹھایا ہے، ترقی پذیر ممالک کو وسائل کی کمی، قرض ادائیگیوں اور منجمد ترقی کا سامنا ہے، نئے عالمی مالیاتی معاہدے کے تحت ترقی پذیر ممالک کی مدد کی ضرورت ہے، موسمیاتی تبدیلیوں نے ترقی پذیر ممالک کو مزید مشکلات سے دو چار کر دیا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ دلچسپی کے امور پر رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے بھی ملاقات کی۔ مصری صدر سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شرم الشیخ نے لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کے قیام کے عزم سےعالمی سطح پر اہم پیشرفت کی بنیاد رکھی ہے۔
شرم الشیخ میں جس سیاسی عزم کا اظہار کیا گیا، وہ بتدریج آگے بڑھ رہا ہے، دونوں قائدین نے دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور انہیں مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ اور پاکستان اور مصر کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
دونوں قائدین کی جانب سے عالمی اور علاقائی امور پر باہمی رابطے برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
Comments are closed.