وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔
سرکاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے گفتگو کے دوران ایران کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم نے دو طرفہ تجارت، علاقائی سلامتی اور استحکام کے فروغ کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ وزیر اعظم نے پولان گبد ٹرانسمیشن لائن کے فعال ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم نے ایرانی حکومت کے پاکستان کے ساتھ تعاون کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی، تعلیمی تبادلے اور عوامی رابطے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے ایرانی قیادت کی کوششوں کو سراہا۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی پر ایرانی صدر کو مبارکباد دی۔
وزیراعطم نے کہا کہ مقبوضہ فلسطین میں اسرائیل کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزی فوری طور پر بند ہونا چاہیے۔ انہوں نے عالمی قوانین کے مطابق اسرائیل فلسطین تنازع کے منصفانہ حل کی ضرورت پر زور دیا۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے تمام امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
Comments are closed.