وزیرِاعظم شہباز شریف سے ترکی کی مختلف کمپنیز کے عہدیداران نے وفود کی سطح پر ملاقات کی۔
وزیراعظم سے ملاقات کرنے والوں میں کیمیا کمپنی کے وائس پریزیڈنٹ علی زیبک، زورلو انرجی کے سی ای او اور البیراک کمپنی کے صدر احمد البیراک شامل تھے۔
ترک کمپنیز نے پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے دلچسپی کا اظہار کیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ حکومت میں ترجمانوں کی طرف سے کمپنی کی ساکھ کو نقصان پہنچایا گیا۔
بریفنگ کے مطابق ترک کمپنی پر پاکستان چھوڑنے کے لیے دباؤ ڈالا گیا، ورکرز کو بلاوجہ گرفتار کر کے جیل میں رکھنے کے ساتھ بےبنیاد الزامات بھی لگائے گئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری روکنے کی مذموم سازش کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ تمام سرمایہ کاروں کے مسائل حل کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت نے پچھلی حکومتوں کے تمام منصوبوں کو سیاسی دشمنی میں تباہ کیا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ انہوں نے بطور وزیرِاعلیٰ پنجاب لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے معاہدے میں 9 کروڑ ڈالر بچائے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو تمام مسائل کا سدباب کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔
انہوں نے ترک کمپنی کو تمام مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کے ساتھ پاکستان آنے کی دعوت بھی دی۔
شرکاء نے وزیرِاعظم شہباز شریف کی قیادت اور حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔
Comments are closed.