وزیراعظم عمران خان سے پشاور، اسلام آباد، راولپنڈی اور چکوال سے پارٹی کے ارکان اسمبلی نے الگ الگ ملاقات کی ہے۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم سے خواتین کی مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان اسمبلی نے بھی ملاقاتیں کیں۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی بھی ملے ہیں۔
ارکان اسمبلی اور وفاقی وزراء سے گفتگو میں وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی کامیاب معاشی پالیسیوں سے ورثے میں ملی دیوالیہ معیشت کو استحکام ملا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت اب پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہے، تمام منتخب نمائندے عوام کے ساتھ اپنا رابطہ مضبوط کریں۔
عمران خان نے مزید کہا کہ حکومت عوام کی پریشانیوں سے پوری طرح آگاہ ہے، عوام کو مہنگائی کے منفی اثرات سے بچانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کررہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ حکومت ٹارگٹڈ سبسڈیز اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
وزیراعظم نے پنجاب، خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات میں کارکنوں کو متحرک کرنے کی ہدایت کی ہے۔
Comments are closed.