اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب میں پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس وقت ہم نے حکومت سنبھالی تو تیل کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کررہی تھیں جبکہ مہنگائی بھی بہت زیادہ تھی۔
وزیراعظم کے اعلان کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 18.50 روپے فی لیٹر کمی ہوگی جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 40.54 روپے کمی ہوگی۔ نئی قیمتوں میں کمی کا اطلاق آج رات 12 بجے ہو جائے گا۔ قوم سے خطاب میں وزیراعظم نے مزید کہا کہ پچھلی حکومت نے آئی ایم ایف سے جو سخت معاہدہ کیا تھا اسے جاتے ہوئے تہس نہس کر دیا۔ جب ہم آئے تو مہنگائی عروج پر تھی اور تیل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی تھیں، ہمیں سر منڈواتے ہی اولے پڑے تھے۔ ماضی کی حکومت نے یہ کام ہماری حکومت کو مشکلات میں ڈالنے کے لیے کیا، تیل کی قیمتوں میں کمی کے لیے خزانے میں پیسے نہیں تھے، جس کی وجہ سابق حکومت تھی، جس نے معیشت کو تباہ کرنے کے لیے بارودی سرنگیں بچھائیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان معاہدے طے پاچکا ہے، جس کا سہرا وزیر خزانہ اور اُن کی ٹیم کو جاتا ہے، مگر کچھ قومیں ایسی بھی تھیں جنہوں نے سالوں پہلے آئی ایم ایف سے چھٹکارا حاصل کرلیا، ہماری دعا اور خواہش یہ ہے کہ یہ ہمارا بھی آخری معاہدہ ہو اور پھر ہم خود اپنے پیروں کو کھڑا ہونے کی کوشش کریں اور خود کفیل ہوجائیں مگر اس کے لیے تھوڑا مشکل راستہ طے کرنا اور اللہ کی ذات پر بھروسا کرنا ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ جو قومیں تباہ ہوگئیں تھیں انہوں نے مشکل وقت گزار اور آج وہ ترقی کی منازل طے کرتے ہوئے آسمان تک پہنچ گئیں ہیں، ہم بھی اگر شبانہ روز محنت کریں تو انشاء اللہ مسائل حل ہوجائیں گے، اتحادی حکومت مل کر پاکستان کو درست سمت میں تیزی سے لے کر جارہی ہے، آپ یقین رکھیں کہ اچھا وقت ضرور آئے گا۔
Comments are closed.