وزیراعظم شہباز شریف نے 14 سال کی بچی رضوانہ پر تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ پنجاب سے واقعے سے متعلق رپورٹ طلب کرلی ہے۔
وزیراعظم آفس کے اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو بچی کے علاج کیلئے بہترین سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ مظلوم بچی کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ملزم کون ہے اسے خاطر میں نہ لایا جائے، انصاف کی فراہمی اور قانون پر عملدر آمد یقینی بنایا جائے، ظالم اور قانون شکن کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پولیس کسی دباؤ کو خاطر میں لائے بغیر قانون پر سختی سے عمل کرے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ معاشرہ ایسی اندھیر نگری اور ظلم و جبر کا متحمل نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے متاثرہ بچی کے والدین کو انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی بھی کروائی۔
Comments are closed.