وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع غذر کیلئے10 کروڑ روپے کی فوری امداد کا اعلان کردیا۔
گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں وزیراعظم شہباز شریف نے متاثرین سیلاب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو تباہی ہوئی ہے اس کی نظیر نہیں ملتی، انتہائی افسوسناک صورت حال ہے، درد بھری کہانی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ 1ہزار لوگ جاں بحق ہوگئے، لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصل تباہ ہوگئی، لاکھوں مال مویشی دریا میں بہہ گئے، زندگی کی جمع پونجی بہہ گئی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان پہلے ہی مشکل میں تھا، ایک اور امتحان سر پر آگیا ہے، ہم دکھ اور مصیبت کے وقت میں آپ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، ہم آپ کو اکیلے نہیں چھوڑیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ضلع غذر میں سیلاب سے 17 اموات ہوئی ہیں، جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو 10 لاکھ معاوضہ دے رہے ہیں، 24 گھنٹوں میں 17 افراد کو معاوضہ مل جائے گا، آپ کے تباہ ہونے والے گھروں کا معاوضہ دیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں کا اندازہ لگانے کیلئے جوائنٹ سروے شروع کر دیا ہے، یقین دلاتا ہوں حق دار کو معاوضہ دیا جائے گا، معاوضے کی ادائیگی میں سیاست آڑے نہیں آئے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ دوست ممالک سیلاب متاثرین کی مدد کر رہے ہیں، ان کے شکر گزار ہیں، اپنی زندگی میں کبھی اتنی بڑی سیلابی تباہی نہیں دیکھی، کوئی سیاست نہیں کرنی، صوبائی حکومتوں سے مل کر کام کرنا ہے، یہ سیاست کا وقت نہیں خدمت کا وقت ہے، سیاست سے بالا تر ہو کر وسائل اکٹھے کر رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ گھرانوں کو 25 ، 25 ہزار روپے دے رہے ہیں، جب تک آخری فرد اپنے گھر میں آباد نہیں ہوجاتا ہم حاضر ہوتے رہیں گے۔
Comments are closed.