اتوار 4؍محرم الحرام 1445ھ23؍جولائی 2023ء

وزیراعظم نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کو سازشی ٹولے کا سرغنہ قرار دیدیا

وزیراعظم شہباز شریف نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کو سازشی ٹولے کا سرغنہ قرار دے دیا۔

فیصل آباد میں ایم تھری سے منسلک ستیانہ بائی پاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ 53 فیصد صارفین کےلیے بجلی مہنگی نہیں ہوئی، ایک سے 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کےلیے مہنگی نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ 2018ء میں جنوبی پنجاب میں ن لیگ کے لوگوں کو دوپٹے پہنا کر دوسری طرف دھکیلا گیا، پچھلی حکومت نے گزشتہ 4 سال میں کوئی کام نہیں کیا، اگلے وزیراعظم نوازشریف ہوں گے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدہ توڑ کر ہماری حکومت پر بوجھ ڈالا، اس شخص نے دو صوبوں کے وزرائے خزانہ سے کہا کہ آئی ایم ایف کےلیے خط نہ لکھیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار سازشی ٹولے کا سرغنہ تھا، جس نے باقی لوگوں سے مل نواز شریف کو نااہل کروایا۔

وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ اُس وقت میں نے لانے والوں سے کہا تھا کہ جب وہ اپنا مکروہ چہرہ دکھائے گا تو نواز شریف یاد آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے موقع دیا تو نواز شریف ہی اگلے وزیراعظم ہوں گے، بطور کارکن اگلے 5 برس میں پارٹی کے قائد کی رہنمائی میں ملک کی خدمت کروں گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام (ف) کے ساتھ ن لیگ کا قدرتی رشتہ بنتا ہے، ہم آگے بھی ساتھ چلیں گے۔

وزیراعظم نے وزیرداخلہ کو کہا کہ وہ جلسے کے بعد کارکنوں کو سری پائے کھلانے لے جائیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.