وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین کے حامی ارکان پر واضح کردیا گیا کہ تحقیقات نہیں روکی جائیں گی۔
وزیراعظم عمران خان سے جہانگیر ترین کے حامی ارکان پارلیمان کی ملاقات پروزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ردعمل دے دیا۔
انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین پی ٹی آئی کے اہم رہنما ہیں،ان کا پارٹی میں بہت احترام ہے، ان کے ہم خیال ارکان پارلیمان نے وزیراعظم سے ملاقات کی ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ان کے حامی ارکان سے ملاقات میں واضح کردیا کہ ایف آئی اے کو تحقیقات سے نہیں روکا جائے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے صاف طور پر کہا کہ انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔
فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ جہانگیر ترین کے حامی ارکان پر کو بتایا گیا کہ جو پارٹی انصاف اور احتساب کے نام پر وجود میں آئی ہو، وہ اپنے اور دوسروں کے لیے انصاف کے دہرے معیار نہیں رکھ سکتی۔
انہوں نے کہا کہ کچھ ایم این ایز نے بعض حکومتی شخصیات سے متعلق شکایت کی، سینیٹر علی ظفر بعض شخصیات سے ایم این ایز کو ہونے والی شکایت پر رپورٹ تیار کریں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نے کہہ دیا ہے کہ ایف آئی اے یا کسی اور ادارے کو جہانگیر ترین سے نرمی برتنے کا نہیں کہا جائے گا، انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔
Comments are closed.